وارانسی /16 فروری (آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم مودی نے وارانسی میں اتوار کو قریب 12 سو کروڑ روپے کے 50 مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے آئی آر سی ٹی سی کے مہاکال ایکسپریس کو ویڈیو لنک کے ذریعے ہری جھنڈی دکھائی۔ وارانسی میں پی ایم مودی نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مسلسل مظاہروں کے درمیان کہا کہ تمام دباؤ اور احتجاج کے باوجود ان کی حکومت فیصلے پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے آرٹیکل 370 پر فیصلہ ہو یا پھر شہریت ترمیم قانون پر فیصلہ ہو، پی ایم کے زعم کے مطابق:’یہ ملک کے مفاد میں ضروری تھا‘۔مودی نے مزید کہا کہ دباؤ کے باوجود ہم اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور اس کے ساتھ رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے قائم ٹرسٹ تیزی سے کام کرے گا۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ بھارت کی پہچان (دیومالائی شناخت) بچوں تک پہنچانے کی ذمہ داری ہم پر ہے اور ملک صرف حکومت سے نہیں بنتا، بلکہ ہر شہری کی شراکت سے بنتا ہے۔ ایک شہری کے طور پر ہمارا طرز عمل ہی ’نئے بھارت‘ کی سمت طے کرے گا۔ اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے یک روزہ دورہ پر پہنچے وزیر اعظم مودی نے ایک تقریب کے اختتام پر کہا کہ بھارت میں ملک کا مطلب کبھی بھی جیت ہار نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ملک اقتدار سے نہیں بلکہ ثقافت و تمدن سے بنا ہے۔ ایسے میں بھارت کی درست پہچان(ان کے مطابق) بچوں تک پہنچانے کی ذمہ داری ہم پر ہے۔ انہوں نے اس موقعہ پرسندھانت شکھ منی گرنتھ کے 19 زبانوں میں ترجمہ شدہ ایڈیشن اور اس کے موبائل اپلی کیشن کا اجرابھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس گرنتھ کو 21 ویں صدی کی جدید شکل دینے پر خیرمقدم کرتے ہیں۔